بنگلور :28؍مارچ (ایس او نیوز) ریاست میں آج مرکزی اور ریاستی حکومت کے درمیان وفاقی انتظام کے تحت اس وقت ٹکراؤ کی صورت حال پیدا ہوگئی جب محکمہ انکم ٹیکس نے ایک ریاستی وزیرسمیت متعدد جے ڈی ایس لیڈروں اور بعض ایسے تاجروں جو وزیراعلیٰ کمارسوامی سے قریبی سمجھے جاتے ہیں ان کے تھکانوں پر چھاپہ ماردیا ۔ جے ڈی ایس لیڈروں کے تھکانوں پر محکم انکم ٹیکس کی یہ کارروائی ریاست میں حکمراں کانگریس -جے ڈی ایس اتحاد کو مضبوط کرنے کا سبب بنی اور دونوں پارٹیوں کے لیڈران چھاپوں کے خلاف سڑکوں پر اتر آئے اور محکمہ انکم ٹیکس کے دفتر کے روبرودونوں پارٹیوں کے سرکردہ رہنماؤں بشمول وزیراعلیٰ کمارسوامی ، سابق وزیراعلیٰ سدرامیا اور دیگر نے احتجاجی دھرنا دیااور محکمہ انکم ٹیکس کی اس جانبدارانہ کارروائی کی سخت مذمت کی ۔ آج صبح سویرے محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے ریاستی پولیس کو اعتماد میں لیے بغیر سی آر پی ایف کی مدد سے ریاستی وزیربرائے چھوٹی آبپاشی سی ایس پٹ راجو اور جے ڈی ایس کے دیگر لیڈروں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مار ے گئے اور چھاپے مارنے کی کارروائی کے لیے جن مقامات پر آئی ٹی افسروں نے دھاوا بولا،وہاں سیکورٹی کے لیے ریاستی پولیس کی بجائے سی آر پی ایف جوانوں کوتعینات کیاگیا۔ انتخابات سے عین قبل محکمہ انکم ٹیکس کی اس کارروائی پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کانگریس اور جے ڈی ایس لیڈران نے ان چھاپوں کے لیے وزیراعظم مودی کو راست طورپر ذمہ دار ٹہرایا اور کہاکہ انتخابات کا میدان میں سامنے کرنے کی جرأت میں کمی کے نتیجے میں مودی ان حرکتوں پر اتر آئے ہیں ۔ ریاستی محکمہ انکم ٹیکس کی سربراہ بی آر بالا کرشنن پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے ان لیڈروں نے کہاکہ ریٹائر ہونے کے بعد گورنر کے عہدے کے لالچ میں بالا کرشنن اندھے ہوچکے ہیں اور مودی کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ کمار سوامی نے احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی دھجیاں اڑادیں اور کہاکہ اس طرح کے چھاپوں کے ذریعہ مودی اگر یہ سمجھتے ہیں کہ بی جے پی انتخابات جیت جائے گی تو یہ ان کی خام خیالی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے دنون میں کانگریس اور جے ڈی ایس کارکن متحد ہوکر یہ یقینی بنائیں گے کہ ریاست کی سبھی 28سیٹوں پر اتحاد کے امیدوار کامیاب ہو۔ سابق وزیراعلیٰ سدرامیا نے احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے ان چھاپوں کے لیے مودی اور ان کے چمچے امت شاہ کو ذمہ دار قرار دیااور کہاکہ انتخابی میدان میں اتر کر مقابلہ کرنے کے بجائے یہ دونوں بزدلانہ حرکتوں پر اتر آئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ انکم ٹیکس اس بھرم میں نہ رہے کہ بی جے پی اس ملک میں سدا اقتدار پر رہے گی ۔ بہت جلد ملک کا نظام بدلنے والا ہے ۔ بی جے پی کے اشاروں پر ناچنے والے افسروں کا کیاہوگا۔ اس کے بارے میں وہ ابھی سے اندازہ لگالیں ۔ اس احتجاج میں نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور ، کے پی سی سی صدر دنیش گنڈوراؤ متعدد ریاستی وزراء اراکین پارلیمان واسمبلی اور بڑی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے حصہ لیا۔ احتجاج کے اختتام پر کانگریس کارکنوں نے محکمہ انکم ٹیکس کے دفتر پر دھاوا بولنے کی کوشش کی ، لیکن پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔